شمالی بھارت

جوس بیچنے والے نے پبلک سروس کمیشن امتحان کامیاب کرلیا

جودھپور کے جوس بیچنے والے 27 سالہ بھوانی سنگھ بھاٹی کی کڑی محنت نے اس کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کردی۔ اس نے راجستھان پبلک سروس کمیشن(آر پی ایس سی) کا فزیکل ٹریننگ انسٹرکٹر امتحان کامیاب کرلیا۔

جئے پور: جودھپور کے جوس بیچنے والے 27 سالہ بھوانی سنگھ بھاٹی کی کڑی محنت نے اس کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کردی۔ اس نے راجستھان پبلک سروس کمیشن(آر پی ایس سی) کا فزیکل ٹریننگ انسٹرکٹر امتحان کامیاب کرلیا۔

گریجویشن کے بعد اس نے اپنا خرچ چلانے کے لئے جودھپور کے مشہور اشوک گارڈنس کے سامنے جوس اسٹال لگالی تھی۔ اس نے کہا کہ میرا تعلق جودھپور کے قریب ایک چھوٹے گاؤں سے ہے۔

گریجویشن کے بعد میں اپنے ماں باپ پر منحصر نہیں رہ سکتا تھا لہٰذا میں نے جوس سنٹر کھول لیا تاکہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکوں۔

اس نے ریاستی اور مرکزی حکومت کے 20 سے زائد مسابقتی امتحانات لکھے لیکن ایک بھی کامیاب نہیں کرسکا۔ اس نے امید نہیں ہاری۔ حال میں اس نے ایڈٹیک ایپ سے استفادہ شروع کردیا۔ اس سے اسے بڑی مدد ملی۔

اس کے دن کی شروعات صبح 4 بجے سے ہوتی ہے۔ وہ چہل قدمی کرنے والوں اور سیاحوں کے لئے جوس بناتا ہے۔ وہ دن بھر مصروف رہتا ہے۔ درمیان میں جب بھی وقت ملتا وہ پڑھ لیا کرتا تھا۔ اسے پورا اعتماد تھا کہ اس کی کڑی محنت رنگ لائے گی۔

بھوانی سنگھ بھاٹی نے کہا کہ اُتکرش ایپ حقیقی گیم چینجر ثابت ہوا۔ اس نے کہا کہ وہ اتکرش کلاسس اینڈ ایجوٹیک کے سی ای او اور بانی ڈاکٹر نرمل گہلوت سے بڑا متاثر ہوا۔

ڈاکٹر گہلوت نے کہا کہ کئی طلبا حیلے بہانے کرتے ہیں اور جلد ہار مان لیتے ہیں لیکن بھوانی سنگھ بھاٹی ڈٹا رہا۔ اس نے آخرکار سرکاری نوکری کا امتحان کامیاب کرلیا۔