ہندودیوی دیوتاؤں کی پوجانہ کرنے کاعہد:راجندر پال گوتم
عام آدمی پارٹی کے وزیر اوررکن اسمبلی راجندر پال گوتم‘ 5۔ اکتوبرکودہلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں حصہ لینے کے سبب ایک بڑے تنازعہ میں گھر گئے ہیں۔ اس پروگرام میں تقریباً10ہزار ہندوؤں نے بدھ مت اختیارکیاتھا۔

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے وزیر اوررکن اسمبلی راجندر پال گوتم‘ 5۔ اکتوبرکودہلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں حصہ لینے کے سبب ایک بڑے تنازعہ میں گھر گئے ہیں۔ اس پروگرام میں تقریباً10ہزار ہندوؤں نے بدھ مت اختیارکیاتھا۔
اروند کجریوال زیرقیادت حکومت کے کابینی وزیرکو اس تقریب کے دیگرشرکاء کے ساتھ یہ حلف لیتے دیکھاگیا تھاکہ وہ مذہب تبدیل کرنے کے بعد کسی ہندو بھگوان کی پوجانہیں کریں گے۔
دہلی بی جے پی یونٹ نے تبدیلی مذہب کایہ ویڈیو شیئر کیاہے جس میں عام آدمی پارٹی کے وزیر اوردیگرافراد کو یہ حلف لیتے دیکھاگیاہے کہ بدھ مت اختیارکرنے کے بعد وہ بھگوان وشنو،شیوا،برہما، کرشنا، گوری دیوی اورگنپتی یا کسی اور ہندوبھگوان کی پوجا نہیں کریں گے۔
بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے وزیر پر کڑی تنقید کی اورپارٹی قیادت سے مطالبہ کیاکہ وہ ان کے خلاف سخت کاروائی کرے اورانہیں کابینہ سے ہٹادے۔ دہلی بی جے پی نے ہندی میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’دیکھیں کجریوال کاوزیر کس طرح ہندوؤں کے خلاف زہر اگل رہاہے۔
ہندوکجریوال اور عام آدمی پارٹی کامخالف ہندو چہرہ اب سب کے سامنے آچکاہے۔ عوام بہت جلد مخالف ہندو عام آدمی پارٹی کو سبق سکھائیں گے۔ کجریوال تم کو شرم آنی چاہئے۔
دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتانے عام آدمی پارٹی کے وزیرکو ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہونچانے پر نشانہ تنقید بنایا اوراپنے رکن اسمبلی کے خلاف کاروائی نہ کرنے پرپارٹی پر بھی تنقید کی۔ اجتماعی تبدیلی مذہب پرعام آدمی پارٹی کونشانہ تنقید بناتے ہوئے بھگواجماعت نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کے دہرے معیارات ہیں۔
وشواہندوپریشد کے قومی ترجمان ونود بنسل نے عام آدمی پارٹی پر تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ سکیولرازم کے دعوؤں پر پارٹی کے دہرے معیارات بے نقاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دس ہزار ہندوؤں کے بدھ مت اختیارکرلینے کوسنگین مسئلہ قراردیا۔ بنسل نے راجندرپال کی گرفتاری کابھی مطالبہ کیا۔