بی آر ایس، مہاراشٹرا میں کسی سے بھی مفاہمت نہیں کرے گی
بھارت راشٹرا سمیتی(بی آر ایس) کے سربراہ وتلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے پیر کے روز کہاکہ مہاراشٹرا میں ان کی پارٹی، کسی دوسری سیاسی جماعت سے مفاہمت نہیں کرے گی۔
حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی(بی آر ایس) کے سربراہ وتلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے پیر کے روز کہاکہ مہاراشٹرا میں ان کی پارٹی، کسی دوسری سیاسی جماعت سے مفاہمت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ پڑوسی ریاست کے تمام 288 اسمبلی حلقہ جات میں بی آر ایس کے تنظیمی نیٹ ورک کو مستحکم بنانے کے عمل میں مصروف ہے۔
مہاراشٹرا کے چند سیاسی قائدین کے ایک گروپ سے یہاں آج پارٹی دفتر تلنگانہ بھون میں ملاقات کرتے ہوئے کے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ سابق میں مہاراشٹرا، سیاسی شعور کیلئے جانا جاتا تھا مگر اب، ماضی جیسی صورتحال باقی نہیں رہی ہے۔
پڑوسی ریاست میں انتظامیہ کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مہاراشٹرا ڈاکٹر امبیڈ کر اور انا ہزارے جیسی قد آور شخصیات کی جائے پیدائش والی ریاست ہے اور یہ ملک میں اثر ورسوخ رکھنے والی ریاست تھی۔
انہوں نے مہاراشٹرا کے سیاسی قائدین پر مشتمل گروپ کے ساتھ ریاست کے 288 اسمبلی حلقوں میں پارٹی کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا اور کہاکہ ریاست کے بڑے شہروں ممبئی، پونے، اورنگ آباد میں پارٹی دفاتر کے قیام کا عمل جاری ہے۔