دہلی میں ملک کا اولین ورچول اسکول۔ ہندوستان بھر کے طلبا داخلہ کے اہل
چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج دہلی میں ملک کے اولین ”ورچول اسکول“ کا افتتاح کیا جو ایسے طلبا کے لئے ہے جوکلاسس میں شرکت نہیں کرسکتے۔

نئی دہلی: چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج دہلی میں ملک کے اولین ”ورچول اسکول“ کا افتتاح کیا جو ایسے طلبا کے لئے ہے جوکلاسس میں شرکت نہیں کرسکتے۔
کجریوال نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ہم نے ہیپی نیس کلاسس‘ حب الوطنی پر مبنی نصاب ِ تعلیم اور کئی خصوصی اسکول قائم کئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم ٹریفک سگنل پر بھیک مانگنے والے بچوں کے لئے اقامتی اسکولس بھی تعمیر کررہے ہیں۔
اسپورٹس یونیورسٹی اور اِسکل یونیورسٹی قائم کی گئی ہے۔ آرمی پریپریٹری اسکول شروع کیا گیا ہے۔ آج ہم ملک کا اولین ورچول اسکول شروع کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی والدین لڑکیوں کو باہر بھیجنا نہیں چاہتے۔ کئی بچے نوعمری میں کام شروع کردیتے ہیں لہٰذا وہ اس ورچول اسکول میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔
بچوں کو چاہئے کہ وہ شخصی طورپراسکول آئیں لیکن جو بچے ایسا کرنے سے قاصر ہیں‘ یہ اسکول ان کے لئے تعلیم فراہم کرے گا۔ اس اسکول پلیٹ فارم پر داخلے ہندوستان بھر کے طلبا کے لئے کھلے رہیں گے اور وہ نیٹ‘ سی یو ای ٹی اور جے ای ای جیسے انٹرنس امتحانات کے لئے ماہرین کی زیرنگرانی تیاری کرسکتے ہیں۔
2022-23 سے 9 ویں جماعت تک کے لئے داخلے دیئے جارہے ہیں۔ 13 تا 18 سال کی عمر کا کوئی بھی بچہ ملک کے کسی بھی گوشہ سے درخواست دے سکتا ہے۔ ہر بچہ کو ایک آئی ڈی پاس ورڈ دیا جائے گا جس کے ذریعہ وہ کلاسس میں شرکت کرسکے گا اور ڈیجیٹل لائبریری میں مواد تک رسائی حاصل کرسکے گا۔یہ ورچول پلیٹ فارم گوگل اور اسکول نیٹ انڈیا کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔