راہول گاندھی ملک کیلئے پشیمانی کا باعث بن گئے ہیں: رجیجو
چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے آج کانگریس قائد راہول گاندھی کے اِس تبصرہ پر تنقید کی کہ نریندر مودی حکومت سو رہی ہے جب کہ چین حملہ کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

بھوپال: چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے آج کانگریس قائد راہول گاندھی کے اِس تبصرہ پر تنقید کی کہ نریندر مودی حکومت سو رہی ہے جب کہ چین حملہ کرنے کی تیاری کررہا ہے۔
کانگریس اور بی جے پی کے درمیان لفظی جنگ ہوئی۔ چوہان نے یہ بھی کہا کہ جب راہول گاندھی کے والد راجیو گاندھی وزیر اعظم تھے (1984 اور 1989ء کے درمیان) تو چھوٹے چھوٹے ملک ہمیں ڈرایا کرتے تھے۔
اب وزیر اعظم شری نریندر مودی جی کی قیادت میں ایک عظیم اور طاقتور ہندوستان تعمیر ہورہا ہے۔ راہول گاندھی جی بلا روک ٹوک نہ بولیں۔ ہندوستان کو کوئی ڈرا نہیں سکتا۔
قبل ازیں کٹنی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ ہندوستانی فوجیوں نے چینی فوج کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انھوں نے راہول گاندھی کو مشورہ دیا کہ وہ ہماری فوج کی توہین نہ کریں۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ کمل ناتھ نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے بارے میں شیو راج سنگھ نے جس ناشائستہ زبان کا استعمال کیا ہے وہ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر کو زیب نہیں دیتی۔
انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے مادرِ ہند کی خاطر ہر چیز قربان کردی اور اس ملک کے لیے ہمیشہ آئیڈل رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ چوہان کو تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے، تاکہ انھیں یہ معلوم ہوسکے کہ جب راجیو گاندھی وزیر اعظم تھے تو فوج کے حوصلے کتنے بلند تھے۔
علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر قانون کرن رجیجو نے آج کہا کہ راہول گاندھی نہ صرف ہندوستانی فوج کی توہین کررہے ہیں بلکہ ملک کی شبیہ کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ رجیجو نے ٹوئٹر پر کہا کہ راہول گاندھی نہ صرف کانگریس پارٹی کے لیے مسئلہ بن گئے ہیں بلکہ ملک کے لیے بھی سخت پشیمانی کا باعث بن چکے ہیں۔ اروناچل پردیش کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ عوام کو ہندوستانی مسلح افواج پر فخر ہے۔