دہلی

سسوڈیہ کو جیل نمبر 1 میں کوئی خطرہ نہیں۔ انتظامیہ کی وضاحت

سسوڈیہ کو خطرناک مجرموں کے ساتھ جیل میں رکھے جانے کے الزامات اور تہاڑ جیل حکام کی طرف سے تردید کے بیچ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے چہارشنبہ کے دن ان سے مسلسل دوسرے دن پوچھ تاچھ کی۔

نئی دہلی: سابق ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیہ کو خطرناک مجرموں کے ساتھ جیل میں رکھے جانے کے الزامات اور تہاڑ جیل حکام کی طرف سے تردید کے بیچ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے چہارشنبہ کے دن ان سے مسلسل دوسرے دن پوچھ تاچھ کی۔

متعلقہ خبریں
جیل میں کجریوال سے دہشت گرد جیسا سلوک: بھگونت مان
انڈیا اتحاد میں نشستوں کی تقسیم پر بات چیت زور پکڑے گی
عام آدمی پارٹی کے سابق کونسلر طاہر حسین کو ضمانت منظور
چندرائن گٹہ میں عام آدمی پارٹی کے دفتر کا افتتاح

یہ پوچھ تاچھ دہلی آبکاری پالیسی کیس کے سلسلہ میں ہوئی۔ ای ڈی ذرائع نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ایجنسی کو سسوڈیہ سے 3 دن پوچھ تاچھ کی اجازت ملی ہے۔ منگل کی طرح ای ڈی چہارشنبہ کے دن 11 بجے تہاڑ جیل پہنچی۔

اس نے سسوڈیہ سے 100کروڑ کی مبینہ رشوت کے بارے میں پوچھ تاچھ کی جو عام آدمی پارٹی اور اس کے قائدین کو ساؤتھ گروپ سے حوالہ چیانل کے ذریعہ ملی تھی۔ سسوڈیہ سے ارون پلے اور کے کویتا (چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ کی بیٹی) کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔

سسوڈیہ کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ ان کی درخواست ِ ضمانت زیرالتواہے جس پر 10 مارچ کو سماعت ہوگی۔ اسی دوران دہلی کے جیل عہدیداروں نے کہا ہے کہ سابق ڈپٹی چیف منسٹر کو سیکوریٹی وجوہات پر الگ تھگ وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے سسوڈیہ کو خطرناک مجرموں کے ساتھ تہاڑ جیل نمبر 1میں رکھنے پر اعتراض کیا تھا۔

عام آدمی پارٹی قائد سنجے سنگھ نے چہارشنبہ کے دن میڈیا سے کہا کہ آج ہولی کے دن عام آدمی پارٹی سے بی جے پی کی دشمنی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ ایجوکیشن ماڈل دینے والے منیش سسوڈیہ کو خطرناک مجرموں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہمیں ڈر ہے کہ کہیں سسوڈیہ کا قتل نہ ہوجائے۔

اس پر جیل عہدیداروں نے بیان جاری کیا کہ سیکوریٹی کے مدنظر سسوڈیہ کو سنٹرل جیل 1 کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں قیدیوں کی تعداد بہت کم ہے اور یہ قیدی جرائم پیشہ سرغنہ نہیں ہیں۔ جیل میں ان لوگوں کا چال چلن اچھا ہے۔

علیحدہ کوٹھری دینے کی وجہ سے سسوڈیہ یوگا کرسکیں گے۔انہیں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔ ان کی سیکوریٹی کے لئے جیل کے قواعد و ضوابط کے مطابق تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہیں جیل میں کہاں رکھا گیا ہے اس پر شبہات ظاہر کرنا ٹھیک نہیں۔