یوپی میں 4 سالہ بچہ کو بیل نے روند ڈالا، ویڈیو وائرل
واقعہ علی گڑھ کے دھنی پور منڈی علاقہ میں جمعرات کی صبح پیش آیا۔ سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ اپنے دادا کے ساتھ چل رہا ہے۔ دادا بچہ کو چھوڑ کر دوسری گلی میں چلے جاتے ہیں، تبھی کچھ فاصلہ پر کھڑا ایک بیل دوڑتا ہوا آتا ہے اور بچہ پر حملہ کردیتا ہے۔

علی گڑھ: اترپردیش کے علی گڑھ میں ایک بیل نے گھر کے باہر کھیلنے والے 4 سالہ بچے پر حملہ کردیا۔ اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں بیل کو بچے کو روندتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تاہم کسی طرح بچے کو اس کے دادا نے بچالیا تاہم بچہ شدید زخمی ہے۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد میونسپل کارپوریشن کی ایک ٹیم بیل کو پکڑنے کیلئے دھنی پور کے علاقہ میں بھیج دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقہ میں گھومتے دیگر بیلوں کو پکڑنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ علی گڑھ کے دھنی پور منڈی علاقہ میں جمعرات کی صبح پیش آیا۔ سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ اپنے دادا کے ساتھ چل رہا ہے۔ دادا بچہ کو چھوڑ کر دوسری گلی میں چلے جاتے ہیں، تبھی کچھ فاصلہ پر کھڑا ایک بیل دوڑتا ہوا آتا ہے اور بچہ پر حملہ کردیتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیل پہلے بچہ کو اپنے سینگ سے مارتا ہے۔ پھربچہ کو گیسٹتا ہے۔ اسی دوران اس کی چیخیں سن کر اُس کے دادا موقع پر پہنچ گئے اور بچہ کو بچالیا۔ ایک اور ویڈیو میں مقامی شہری ادارہ کے چار تا پانچ لوگوں کی ایک ٹیم رسی کی مدد سے بیل کو ٹرک پر اُٹھاتے ہوئے نظر آرہی ہے۔