چندرا بابو نائیڈو کی اجازت، تلگودیشم تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی: کاسانی گیانیشور
تلگودیشم تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم کاسانی گیانیشور نے آج اس بات کا پُرزور الفاظ میں پھر اعلان کیا۔

حیدرآباد: تلگودیشم تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم کاسانی گیانیشور نے آج اس بات کا پُرزور الفاظ میں پھر اعلان کیا۔
کاسانی گیانیشور نے جو 28/اکتوبر کو راجمندری جیل میں سابق چیف منسٹر متحدہ آندھراپردیش وتلگودیشم سربراہ این چندرابابو سے ملاقات کرکے حیدرآباد واپس ہوئے ہیں، اسٹیٹ پارٹی ہیڈکوارٹرس این ٹی آر بھون میں ساری ریاست کے تلگودیشم قائدین و سرگرم کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چندرابابو نائیڈو نے ان سے کہا کہ تلگودیشم تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی اور وہ پارٹی امیدواروں کے ناموں کو فی الفور قطعیت دیں۔
تاہم چندرابابو نائیڈو کے فرزند اور تلگودیشم کے جنرل سکریٹری این لوکیش کا یہ موقف ہے کہ تلگودیشم کو تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہئے۔
کاسانی گیانیشور نے بتایا کہ لوکیش کے موقف کو کوئی اہمیت نہیں ہے چندرابابو نائیڈو نے جو کہا ہے وہی قطعی ہے اور وہ یہ ہے کہ تلگودیشم تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی اور تنہا مقابلہ کرے گی۔
تلنگانہ کے 500 کے لگ بھگ قائدین وسرگرم کارکن شریک اجلاس تھے۔ جن کا یہ موقف ہے کہ تلنگانہ میں تلگودیشم کی بقا کیلئے انتخابات میں حصہ لینا ضروری ہے۔ پارٹی قائدین نے صدر تلنگانہ تلگودیشم سے کہا کہ ہمیں پارٹی فنڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم اپنے پیسہ سے الیکشن لڑیں گے اور جیت کر بتائیں گے۔ہم برسہا برس سے تلگودیشم سے وابستہ ہیں۔
ہمیں پارٹی ٹکٹ ملنا ضروری ہے۔ چندرابابونائیڈو کو چاہئے کہ وہ کاسانی گیانیشور کو اے فارم دیں۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ہمیں بی فارم دیں گے۔ اگر ہمیں پارٹی ٹکٹ نہیں ملا ہم این ٹی آر بھون پر خودسوزی کرلیں گے۔ اگرہمیں ٹکٹ نہیں دیئے گئے تلنگانہ میں پارٹی کیڈر بھی ختم ہوجائے گا۔