شمالی بھارت

مسلمانوں کو چیونگ گم کی طرح چبایاجاتا رہا: نقوی

مختار عباس نقوی نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی اور ملک کی ترقی کو ایک دوسرے سے الگ بتانے والے سیاستداں مجرمانہ فراڈ کررہے ہیں۔ نقوی نے یوپی اے دورحکومت میں تشکیل دی گئی سچرکمیٹی پر بھی تنقید کی۔

لکھنو: سابق مرکزی وزیرمختارعباس نقوی نے اتوار کے دن کہا کہ آج ہندوستان سبھی کو بااختیاربنانے کا پرچم بردار بن گیا ہے۔ اُس نے فرقہ پرستی کی لعنت کو کچل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور یوگی کے دور میں امر‘عبدل‘انٹونی خوشحالی میں مساوی پارٹنر بن گئے ہیں۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ کئی دہوں تک ووٹوں کیلئے مسلمانوں کو چیونگ گم کی طرح چبایاجاتا رہا اور بعد میں انہیں ان کے حال پرچھوڑدیاگیا۔ سینئر بی جے پی قائد نے لکھنو میں اترپردیش اقلیتی کمیشن کے زیراہتمام مائناریٹیز رائٹس ڈے پروگرام سے خطاب میں کہاکہ سابق میں مکار ‘عیار سیاستداں اقلیتوں کے خلاف فرقہ وارانہ اورمجرمانہ سازش کے تحت کام کرتے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی اور ملک کی ترقی کو ایک دوسرے سے الگ بتانے والے سیاستداں مجرمانہ فراڈ کررہے ہیں۔ نقوی نے یوپی اے دورحکومت میں تشکیل دی گئی سچرکمیٹی پر بھی تنقید کی۔ مسلمانوں کا سماجی ومعاشی موقف جاننے کیلئے یہ کمیٹی بنی تھی۔

 نقوی نے کہا کہ مسلمانوں کو ڈرانے کیلئے اسے تشکیل دیاگیاتھا۔ سچرکمیٹی نے دعویٰ کیاتھا کہ مسلمانوں کی حالت دلتوں اور قبائلیوں سے بھی بدتر ہے۔ نقوی نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ دلتوں کی پسماندگی تاریخی اور مختلف وجوہات کی وجہ سے ہے جبکہ مسلمانوں کی غربت بعض سیاسی جماعتوں کی سیاسی دھوکہ دہی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں اقلیتوں کو بھی برقی‘سڑک‘پانی‘ صحت‘ تعلیم‘ امکنہ‘روزگار وغیرہ کی اسکیموں سے مساوی فائدہ ہورہاہے۔ مرکز‘حکومت یوپی اور بی جے پی کی دوسری حکومتو ں کی فلاحی اسکیموں سے مستفید ہونے والوں میں بڑی تعداد اقلیتی فرقوں کی ہے۔

a3w
a3w