بحریہ کا کلرک پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار
نئی دہلی میں ہندوستانی نیوی ہیڈکوارٹرس میں برسرخدمت ایک کلرک کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) نئی دہلی میں ہندوستانی نیوی ہیڈکوارٹرس میں برسرخدمت ایک کلرک کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اس پر پاکستان کی انٹرسرویسس انٹلیجنس (آئی ایس آئی) پر حساس فوجی معلومات جس میں حالیہ آپریشن سندور کے بارے میں معلومات بھی تھیں، کا افشاء کرنے کا الزام ہے۔ ملزم کی شناخت ہریانہ کے ساکن وشال یادو کی حیثیت سے کی گئی۔
راجستھان پولیس کے انٹلیجنس شعبہ نے اسے گرفتار کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یادو کافی عرصہ سے آئی ایس آئی کیلئے جاسوسی کرتا رہا ہے اور اس نے اپنے موبائل فون کے ذریعہ بحریہ اور دیگر دفاعی یونٹوں کے بارے میں خفیہ معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار وشنو کانت گپتا جو راجستھان کے سی آئی ڈی انٹلیجنس یونٹ سے وابستہ ہیں، پاکستانی جاسوسوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھ رہے تھے۔ اسی دوران یادو بھی ان کی نظر میں آگیا۔ اس کی نگرانی کرنے سے پتہ چلا کہ وہ مستقل طور پر آئی ایس آئی کی خاتون ہینڈلر کے ساتھ ربط میں تھا جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعہ پریا شرما کا نام اختیار کرتے ہوئے کام کررہی تھی۔
گپتا نے بتایا کہ آئی ایس آئی ایجنٹس نے یادو کو محبت کے جال میں پھنسایا اور اسٹراٹیجک اور خفیہ دفاعی معلومات حاصل کرنے کیلئے اسے رقومات کی ادائیگی کی۔ تفتیش کاروں نے یہ بھی پتہ چلایا ہے کہ یادو آن لائن گیمنگ کا عادی تھا اور وہ قرض میں مبتلا ہوگیا تھا۔
اس نے اپنے نقصانات کی پابجائی کیلئے رقم کے عوض معلومات کا تبادلہ شروع کردیا۔ اسے کرپٹو کرنسی کریڈیٹ اکاؤنٹ کے ذریعہ ادائیگی کی جاتی تھی اور اس کے بینک کھاتوں میں راست منتقلی بھی کی جاتی تھی۔
یادو سے جئے پور میں مرکزی تفتیشی مرکز میں انٹلیجنس ایجنسیوں کی ایک مشترکہ ٹیم پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ تفتیش کار یہ پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ سیکورٹی کی کس حدتک خلاف ورزی ہوئی ہے اور کتنی حساس معلومات کا افشاء کیا گیا ہے اور آیا جاسوسی نٹ ورک سے مزید کوئی افراد بھی وابستہ ہیں۔