آئی سی سی نے غلطی سے ٹیم انڈیا کو پہلا مقام دے دیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چہارشنبہ کے روز تازہ ترین ٹسٹ رینکنگ جاری کی لیکن کرکٹ کے اعلیٰ ادارے کی جانب سے اس میں بڑی کوتاہی ہوئی۔
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چہارشنبہ کے روز تازہ ترین ٹسٹ رینکنگ جاری کی لیکن کرکٹ کے اعلیٰ ادارے کی جانب سے اس میں بڑی کوتاہی ہوئی۔
جب آئی سی سی نے پہلی بار ٹسٹ رینکنگ جاری کی تو روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو نمبر ون قرار دیا گیا۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم نے تاریخ رقم کی کیونکہ وہ پہلی بار کرکٹ کے تمام فارمیٹس (ٹسٹ، ونڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل) میں نمبر 1 بن گئی۔
تاہم کچھ دیر بعد آئی سی سی نے اپنی غلطی سدھار لی اور ٹاپ پوزیشن ہندوستانی ٹیم کے ہاتھ سے نکل گئی۔ آئی سی سی ٹسٹ ٹیم رینکنگ میں ہندوستانی ٹیم سنبھل گئی ہے جبکہ آسٹریلیائی ٹیم پہلے نمبر پر ہے۔ شائقین کے ساتھ ساتھ بی سی سی آئی حکام بھی درجہ بندی میں اس تبدیلی سے ناخوش تھے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ یا تو آئی سی سی نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔
4 میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی میں ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 1-0 کی برتری پر ہے۔ اگر ہندوستانی ٹیم اپنی مضبوط کارکردگی کو جاری رکھتی ہے تو وہ یقینی طورپر آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑکر نمبر 1 ٹیم بن جائے گی، لیکن اس وقت آئی سی سی نے ایک بڑی غلطی کی ہے۔
چہارشنبہ کی سہ پہر جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق ہندوستانی ٹیم 115 ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ ٹاپ پوزیشن پر تھی۔ آسٹریلیا (111)، انگلینڈ (106)، نیوزی لینڈ (100) اور جنوبی افریقہ (85) بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔ آئی سی سی کی جانب سے تصحیح کے بعد جاری کردہ رینکنگ میں ہندوستان کے صرف 115 ریٹنگ پوائنٹس ہیں لیکن آسٹریلیا 126 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔
تاہم ہندوستانی ٹیم ونڈے اور ٹی 20 بین الاقوامی فارمیٹس میں درجہ بندی میں نمبر 1 پر ہے۔ ہندوستانی ٹیم 267 ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ T20 انٹرنیشنل رینکنگ میں سب سے اوپر ہے اور ونڈے رینکنگ میں ہندوستان 114 ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ سرفہرست ہے۔ اس طرح آئی سی سی کی جانب سے دن میں جاری کردہ رینکنگ نے جہاں ہندوستانی مداحوں کو خوش کردیا تھا وہیں دوبارہ جاری کردہ رینکنگ سے ٹیم انڈیا کے چاہنے والوں کو بڑی مایوس کا سامنا کرنا پڑا۔