دہلی

اجیت ڈوول کی سکیوریٹی میں کوتاہی، سی آئی ایس ایف کے 3 کمانڈنٹ برطرف

77سالہ قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کو مرکزی وی آئی پی سکیوریٹی لسٹ کے تحت زیڈزمرہ کی سکیوریٹی دی جاتی ہے۔ سی آئی ایس ایف کا خصوصی مسلح دستہ انہیں سکیوریٹی فراہم کرتا ہے۔

نئی دہلی: دہلی میں جاریہ سال کے اوائل میں قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کی قیامگاہ پر سکیوریٹی میں کوتاہی کے بعد سی آئی ایس ایف کے 3 کمانڈوز کو خدمات سے برطرف کردیا گیا ہے جبکہ 2 سینئر عہدیداوں کو اس کے وی آئی پی سکیوریٹی یونٹ سے ہٹادیا گیا ہے۔

77سالہ قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کو مرکزی وی آئی پی سکیوریٹی لسٹ کے تحت زیڈزمرہ کی سکیوریٹی دی جاتی ہے۔ سی آئی ایس ایف کا خصوصی مسلح دستہ انہیں سکیوریٹی فراہم کرتا ہے۔

قومی سلامی مشیر جب بھی ملک کے کسی حصہ کا سفر کرتے ہیں تو نیم فوجی فورس کے کمانڈوز ان کی سرکاری قیامگاہ کی حفاظت پر تعینات رہتے ہیں۔

سی آئی ایس ایف نے 16 فروری کو پیش آئے واقعہ کی کورٹ آف انکوائری تحقیقات کرائی تھی اور 5 عہدیداروں کو مختلف بنیادوں پر خاطی قرار دیا گیا تھا اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

تحقیقات کی بنیاد پر یہ تادبی کارروائی کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ خصوصی سکیوریٹی گروپ (ایس ایس جی) کے 3 کمانڈوز کو خدمات سے برطرف کردیا گیا ہے۔