دہلی

ویب سائٹ ’دی وائر‘ کے خلاف بی جے پی آئی ٹی سیل سربراہ کا مقدمہ

بی جے پی آئی ٹی سل کے سربراہ امیت مالویہ نے کہا ہے کہ وہ نیوز ویب سائٹ ”دی وائر“ کے خلاف فوجداری اور دیوانی مقدمات دائر کریں گے۔

نئی دہلی: بی جے پی آئی ٹی سل کے سربراہ امیت مالویہ نے کہا ہے کہ وہ نیوز ویب سائٹ ”دی وائر“ کے خلاف فوجداری اور دیوانی مقدمات دائر کریں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ ویب سائٹ ان کی ساکھ کو داغدار کرنے اور انہیں بدنام کرنے کے لیے الٹ پھیر کے ذریعہ تیار کیے گئے دستاویزات کا استعمال کررہی ہے۔

واضح رہے کہ ”دی وائر“ نے اپنی سلسلہ وار رپورٹس میں جنہیں اب واپس لے لیا گیا ہے، الزام عائد کیا تھا کہ سوشل میڈیا کی بڑی کمپنیوں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام کی مادر کمپنی ”میٹا“ نے مالویہ کو خصوصی مراعات دے رکھی ہیں جن کے ذریعہ وہ اس کے پلیٹ فارموں سے پوسٹس کو ہٹا سکتے ہیں۔

ان رپورٹس میں کہا گیا تھا بی جے پی لیڈر نے انسٹا گرام سے چند پوسٹس ہٹوائے ہیں۔ مالویہ نے آج میڈیا کے لئے ایک بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے وضاحت کی کہ وہ ”دی وائر“ کے خلاف سیول اور فوجداری الزامات کیوں عائد کررہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ”دی وائر“، اس کے انتظامیہ اور رپورٹرس کے خلاف مناسب قانونی چارہ جوئی کے علاوہ میرے سامنے کوئی راستہ نہیں ہے۔ ”دی وائر“ نے 6 اکتوبر 2022ء کو ایک رپورٹ شائع کی تھی، جس میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ”میٹا“ نے (جو فیس بک اور انسٹا گرام کی ملکیت رکھتی ہے)، ایک خانگی اکاؤنٹ Cringearchivist کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی ایک پوسٹ کو چند ہی منٹوں میں انسٹا گرام سے ہٹا دیا تھا۔

اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کمپنی (میٹا) باقاعدہ طور پر ایم پی کے ارکان کے ساتھ ساز باز کرتی ہے، تاکہ پارٹی کے لیے غیرموافق تصور کیے جانے والے مواد کو ہٹایا جاسکے۔ بعد ازاں 10 اکتوبر 2022ء کو ”دی وائر“ نے دعویٰ کیا تھا کہ میں (امیت مالویہ) ایسی تمام سرگرمیوں کے لیے پارٹی اور میٹا کے درمیان نوڈل پوائنٹ ہوں اور کمپنی نے مجھے بعض ”X Check“ اور دیگر مراعات دے رکھی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تمام فلٹرس اور جانچ پڑتال اور کمپنی کے اندر موجود توثیقی میکانزم سے بالاتر یہ اختیارات مجھے دیے گئے ہیں کہ میں ایسا کوئی بھی مواد ہٹا دوں جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی یا اس کی قیادت پر تنقید کی گئی ہو۔ مجھے یہ بھی اختیار دیا گیا ہے کہ میں کمپنی کے پلاٹ فام انسٹا گرام پر کوئی بھی مواد پوسٹ کروں اور کمپنی کے فلٹرس اس میں مزاحم نہیں ہوں گے۔

مالویہ نے مزید کہا کہ اس رپورٹ میں یہ بھی الزام لگایا ہے کہ میٹا کے ساتھ داخلی خط و کتابت ہوئی ہے اور میں نے 11 اکتوبر 2022ء تک جملہ 705 پوسٹ کو ہٹانے ان مراعات کا استعمال کیا ہے۔

میٹا کے مواصلاتی سربراہ اینڈی اسٹون نے اس کی واضح طور پر تردید کی ہے اور کہا ہے کہ’دی وائر‘ کی جانب سے اس کی رپورٹ میں پیش کیے گئے دستاویزات ”من گھڑت“ ہیں اور ”X Check“ کو موقف کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ مالویہ نے کہا کہ میٹا کی جانب سے یہ بیان جاری کیے جانے کے بعد ”دی وائر“ کو چاہیے تھا کہ وہ کم از اس مسئلہ پر اپنا کوریج روک دیتی اور داخلی آڈٹ شروع کرتی، لیکن اس نے ایسا نہیں کیا۔

a3w
a3w