ایشیاء

ہند۔ بنگلہ دیش 7 معاہدوں پر دستخط

ہندوستان اور بنگلہ دیش نے علاقائی اور عالمی جغرافیائی سیاسی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی معیشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ سرحد پر تجارتی سہولیات اور بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے اور جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدہ (سی آئی پی اے) پر بات چیت شروع کرنے کا آج فیصلہ کیا۔

نئی دہلی: ہندوستان اور بنگلہ دیش نے علاقائی اور عالمی جغرافیائی سیاسی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی معیشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ سرحد پر تجارتی سہولیات اور بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے اور جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدہ (سی آئی پی اے) پر بات چیت شروع کرنے کا آج فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی دورہ کنندہ وزیراعظم شیخ حسینہ کے درمیان آج یہاں حیدرآباد ہاؤس میں دو طرفہ سربراہی اجلاس میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کئی فیصلے کیے گئے اور اس سلسلہ میں 7 معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں کشیارا دریا کے پانی کے اشتراک اور مشترکہ استعمال‘ بنگلہ دیش ریلوے حکام کو تربیت فراہم کرنا‘ بنگلہ دیش ریلوے کو مال برداری سمیت مختلف شعبوں میں آئی ٹی اپلیکیشنس کے استعمال میں مدد کرنا‘بنگلہ دیش کے عدالتی عہدیداروں کی استعداد کار میں اضافہ‘ سائنس اور ٹکنالوجی کے شعبوں میں تعاون‘ تحقیق‘ خلائی شعبہ میں تعاون اور پرسار بھارتی اور بنگلہ دیش ٹیلی ویژن کے درمیان نشریاتی تعاون شامل ہیں۔

اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی شراکت داری کے منصوبوں کی فلم کی نمائش ہوئی۔ بعدازاں بعد بنگلہ دیش کی وزیر اعظم نے نریندر مودی کو ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات کی گولڈن جوبلی کے موقع پر شائع ہونے والی کتاب پیش کی۔شیخ حسینہ کا‘جو پیر کو ہندوستان کے 4 روزہ دورہ پر یہاں پہنچیں‘ صبح راشٹرپتی بھون کے صحن میں رسمی استقبال کیا گیا۔

انہوں نے تینوں افواج کے مشترکہ دستہ کے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ بعد میں وہ راج گھاٹ گئیں جہاں انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صبح 11 بجے حیدرآباد ہاؤس پہنچنے پر مودی نے ان کا استقبال کیا۔ پہلے دونوں رہنماؤں کے درمیان نجی گفتگو ہوئی اور پھر وفود کی سطح پر ملاقات شروع ہوئی۔اپنے پریس بیان میں مودی نے کہا کہ پچھلے سال ہم نے بنگلہ دیش کی آزادی کی 50 ویں سالگرہ‘ اپنے سفارتی تعلقات کی گولڈن جوبلی اور بنگہ بندھو شیخ مجیب الرحمن کی صد سالہ یوم پیدائش تقاریب ایک ساتھ منائی تھیں۔

پچھلے سال 6 دسمبر کو ہم نے دنیا بھر میں مل کر پہلا ”فرینڈشپ ڈے“ بھی منایاتھا۔ مودی نے کہا کہ آج ہم نے دہشت گردی اور بنیاد پرستی کے خلاف تعاون پر بھی زور دیا۔ 1971 کے جذبہ کو زندہ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم مل کر ایسی قوتوں کا مقابلہ کریں جو ہمارے باہمی اعتماد پر حملہ کرنا چاہتی ہیں۔شیخ حسینہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ہندوستان کی آزادی کے امرت دور کے دوران دہلی آکر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے اگلے 25 سالوں میں ہندوستان کے خودکفیل بننے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ آج کی ملاقات نتیجہ خیز رہی ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ میں ہندوستان کے تعاون کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 دہائیوں میں ہندوستان اور بنگلہ دیش نے اپنے تعلقات میں تمام پیچیدہ مسائل کو دوستی اور تعاون کے جذبہ سے باہمی طور پر تسلی بخش طریقہ سے حل کیا ہے۔

a3w
a3w