مہاراشٹرا

اورنگ آباد میں بی بی کے مقبرہ کا پلاسٹر گرپڑا

مہاراشٹرا کے شہر اورنگ آباد میں 17 ویں صدی کی تاریخی عمارت بی بی کا مقبرہ کے بیرونی حصہ کا پلاسٹر گرپڑا۔

اورنگ آباد: مہاراشٹرا کے شہر اورنگ آباد میں 17 ویں صدی کی تاریخی عمارت بی بی کا مقبرہ کے بیرونی حصہ کا پلاسٹر گرپڑا۔

محکمہ آثارِ قدیمہ (اے ایس آئی) کے ایک عہدیدار نے کہا کہ واقعہ ہفتہ کے دن کا ہے اور اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ مغل شہنشاہ اورنگ زیب عالمگیر کی پہلی بیگم دل رس بانو عرف رابعہ درانی کا یہ مقبرہ‘ تاج محل جیسا ہے اور تاج ِ دکن بھی کہلاتا ہے۔

اے ایس آئی عہدیدار نے کہا کہ مقبرہ کے اصل گنبد کے قریب ایک مینار سے چونے کے پلاسٹر کا ایک چھوٹا حصہ گرپڑا۔ کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔

موسلادھار بارش کی وجہ سے پلاسٹر میں پانی جذب ہوا ہوگا۔ ہم کنزرویشن ورک جلد شروع کردیں گے۔ بی بی کا مقبرہ دریا کے کنارے واقع ہے۔ یہ بسالٹ راک کا بنا ہے اور اس پر چونے کا پلاسٹر کیا گیا ہے۔

مقبرہ کے بعض حصوں میں سنگ ِ مرمر بھی استعمال ہوا ہے۔ ربط پیدا کرنے پر شہر کے ایک ہسٹری ریسرچر (محقق تاریخ) سنکیت کلکرنی نے کہا کہ تاریخی عمارت کی دیواروں سے کائی وقفہ وقفہ سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ وقفہ وقفہ سے دراڑوں کو پر کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔