تلنگانہ

حج کمیٹی آف انڈیا کے تازہ ترین رہنمایانہ خطوط: محمد سلیم

محمد سلیم صدرنشن تلنگانہ حج کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے تازہ ترین رہنمایانہ خطوط کے مطابق عازمین حج کو اپنے سفر حج کے موقع پر پندرہ سو ریال رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

حیدر آباد: محمد سلیم صدرنشن تلنگانہ حج کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے تازہ ترین رہنمایانہ خطوط کے مطابق عازمین حج کو اپنے سفر حج کے موقع پر پندرہ سو ریال رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سعودی عربیہ کے ہدایات پر مرکزی حج کمیٹی کے ذریعہ ملک کی تمام حج کمیٹیوں کو عمل کرنا پڑتا ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ عازمین حج کی آن لائن درخواستوں کے ادخال کا عمل 10 / فروری سے شروع ہوچکا ہے جس کی آخری تاریخ 10 / مارچ مقرر کی گئی ہے۔

آخری تاریخ کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا سے قرعہ اندازی کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ قرعہ کے ذریعہ منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ تربیتی اجتماعات کی تاریخ بتائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کے رہائش کے لئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عمارتوں کے انتخاب کے لئے بہت جلد سعودی عرب کا دورہ کیا جائے گا۔

محمد سلیم نے کہا کہ عازمین حج سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ حج ہاؤز نامپلی میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے درخواستیں داخل کرنے کے لئے قائم کئے گئے آن لائن اسپیشل کاؤنٹرس سے بھر پور استفادہ کریں۔ مزید تفصیلات کے لئے فون نمبرات 040-23236310 یا 040-23298793 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔