پریتی کے خاندان کو10لاکھ روپے ایکس گریشیاء
حکومت تلنگانہ نے خاتون ڈاکٹر کے خاندان کو 10لاکھ روپے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا جنہوں نے پانچ دنوں پہلے مبینہ طورپر خودکشی کی کوشش کی تھی اوریہاں ایک سرکاری دواخانہ میں کل رات دوران علاج جانبرنہ ہوسکی۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے خاتون ڈاکٹر کے خاندان کو 10لاکھ روپے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا جنہوں نے پانچ دنوں پہلے مبینہ طورپر خودکشی کی کوشش کی تھی اوریہاں ایک سرکاری دواخانہ میں کل رات دوران علاج جانبرنہ ہوسکی۔
ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے پی جی میڈیکل طالبہ کی موت کو انتہائی بدبختانہ اورتکلیف دہ قراردیا۔ کل رات پریس ریلیز میں ای دیا کرراؤ نے کہاکہ ریاستی حکومت‘طالبہ کے خاندان کیساتھ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ متاثرہ کے خاندان کو حکومت کی جانب سے 10لاکھ روپے ایکس گریشیاء دی جائے گی۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے بھی طالبہ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔وزیر پنچایت راج نے یہ بات کہی۔
انہوں نے کہاکہ اس معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ ملزم کوپہلے ہی گرفتار کیاجاچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ جوبھی خاطی پایا جائے گا‘ اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء پی جی میڈیکل طالبہ پریتی کے والد نریندر نے کل رات صحافیوں کو بتایا کہ ای دیاکرراؤ نے انہیں تیقن دیا کہ مزید 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ متاثرہ کے خاندان کے کسی ایک فرد کو گزیٹیڈ عہدہ کی نوکری بھی دی جائے گی۔متوفیہ کے رشتہ داروں نے اتوار کی شب نمس میں جہاں وہ زیرعلاج تھی احتجاج کیا۔
ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ‘صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی اور صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے نے بھی طالبہ کی موت پر اظہار دکھ کیا۔بنڈی سنجے نے اپنے بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پورے واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائے اورخاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔