پی ایف آئی کی ہٹ لسٹ میں جج کے بشمول 950 نام شامل
نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) نے سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ ممنوعہ پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) نے کیرالا میں 950 افراد کو نشانہ بنانے کی فہرست تیار کی تھی۔

کوچی (آئی اے این ایس) نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) نے سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ ممنوعہ پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) نے کیرالا میں 950 افراد کو نشانہ بنانے کی فہرست تیار کی تھی۔
چہارشنبہ کے دن میڈیا میں شائع اس فہرست میں اب ریٹائر ہوچکے ایک ضلع جج کا نام بھی شامل ہے۔ غور طلب ہے کہ یہ فہرست این آئی اے نے جاریہ ماہ کوچی کی خصوصی عدالت میں اس وقت داخل کی تھی جب آر ایس ایس قائد سرینواسن کے قتل میں ملوث 4ملزمین کی درخواست ِ ضمانت سماعت کے لئے آئی تھی۔
این آئی اے نے 4 ملزمین محمدبلال‘ ریاض الدین‘ کے پی انصاف اور کے وی شہیر کی ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ انہیں 2022 میں پالکڈ میں سرینواسن کے قتل کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔
این آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے مختلف مقامات سے ملنے والی جانکاری کی بنیاد پر 950 افراد کی فہرست مرتب کی۔ اس میں 51 ویں ملزم سراج الدین سے ضبط کردہ کاغذات شامل ہیں جن میں دیگر فرقوں کے 240 افراد کے نام شامل ہیں۔ سرینواسن کیس کی تحقیقات کے دوران پی ایف آئی کا لنک سامنے آیا تھا۔