انٹرٹینمنٹ

آشا پاریکھ کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا

مرمو نے کہا کہ فلموں کا نوجوانوں اور بچوں پر بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔ اس لیے معاشرے کی توقع ہے کہ فلم انڈسٹری اس میڈیم کو ملک کا مستقبل بنانے کے لیے موثر طریقے سے استعمال کرے۔

نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ مشہور فلمی اداکارہ آشا پاریکھ کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازنا خواتین کی ناقابل تسخیر طاقت کا احترام ہے اور سنیما کی دنیا ایک بہتر معاشرے اور قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

مرمو نے یہ بات جمعہ کو یہاں مختلف زمروں میں 68 ویں قومی فلم ایوارڈزکے موقع پر کہی۔ سینما کی دنیا کا سب سے باوقار اعزاز آشا پاریکھ کو دیا گیا۔ انہوں نے تمام ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی۔

پاریکھ کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین نے بہت سی حدود و قیود کے باوجود مختلف شعبوں میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ پاریکھ کو اس اعزاز سے نوازا جانا ناقابل تسخیر خواتین کی طاقت کا اعزاز ہے۔ انہیں سال 2020 کے لیے اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

صدرنے کہا کہ سینما کی دنیا فلمیں بنانے کے ساتھ ساتھ ایک بہتر معاشرے اور قوم کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمعی اور بصری دونوں میڈیم ہونے کی وجہ سے فلموں کا اثر آرٹ کے دیگر میڈیم سے زیادہ ہوتا ہے۔ سینما نہ صرف ایک صنعت ہے بلکہ ہماری ثقافت اور اقدار کا اظہار بھی ہے۔ یہ ہمارے معاشرے کو قوم کی تعمیر کے لیے جوڑنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔

مرمو نے کہا کہ فلموں کا نوجوانوں اور بچوں پر بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔ اس لیے معاشرے کی توقع ہے کہ فلم انڈسٹری اس میڈیم کو ملک کا مستقبل بنانے کے لیے موثر طریقے سے استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں، اس لیے آزادی پسندوں پر بننے والی فلموں کا شائقین انتظار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ جن فلموں کو ایوارڈ ملا ہے ان میں فطرت اور ماحولیات، ثقافت، سماجی اقدار اور دیگر اہم پہلوؤں کا ذکر کیا گیا ہے۔

صدر نے کہا کہ ہندوستانی فلمیں پوری دنیا میں پہچانی جاتی ہیں اور ان کے اثر و رسوخ سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں اپنی فلموں کے معیار کو مزید بہتر کرنا ہوگا۔

اس باوقار اعزاز سے پرجوش پدم شری محترمہ پاریکھ نے کہا، "دادا صاحب پھالکے ایوارڈ حاصل کرنا ایک بڑے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے یہ بڑی پہچان میری 80ویں سالگرہ سے صرف ایک دن پہلے ملی۔ یہ سب سے باوقار اعزاز ہے جو مجھے حکومت ہند سے ملا ہے۔”