نیویارک کے نئے میئر کے موافق پاکستان بیانات پر کانگریس اور بی جے پی کی تنقید
کانگریس رکن پارلیمنٹ ابھیشیک سنگھوی اور ان کی سیاسی حریف و رکن راجیہ سبھا کنگنا رناوت نے نیویارک کے میئر کے عہدہ کے امیدوار زہران ممدانی کے موافق پاکستان بیانات پر کڑی تنقید کی۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس رکن پارلیمنٹ ابھیشیک سنگھوی اور ان کی سیاسی حریف و رکن راجیہ سبھا کنگنا رناوت نے نیویارک کے میئر کے عہدہ کے امیدوار زہران ممدانی کے موافق پاکستان بیانات پر کڑی تنقید کی۔
مشہور فلم ساز میرانائک اور ہندوستانی نژاد یوگانڈا کے مصنف محمود ممدانی کے لڑکے زہران ممدانی کو منگل کی رات نیویارک کے میئر کے انتخابات میں کامیاب قرار دیا گیا۔
کانگریس قائد و رکن راجیہ سبھا ابھیشیک سنگھوی نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ جب زہران ممدانی اپنا منہ کھولتے ہیں تو پاکستان کی تعلقات عامہ کی ٹیم چھٹی لے لیتی ہیں۔ ان جیسے اتحادیوں کے رہتے ہوئے ہندوستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔
بی جے پی قائد و رکن راجیہ سبھا کنگنا رناوت نے بھی ان کی اس بات سے اتفاق کیا۔ اداکارہ سے سیاستداں بنی کنگنا نے ایکس پر لکھا ”ان کی ماں میرا نائک ہماری ایک بہترین فلمساز، پدم شری اور ہندوستان میں پلی بڑھی پسندیدہ و مشہور دختر ہیں جو نیویارک میں بس چکی ہیں، انہوں نے گجراتی نژاد محمود ممدانی سے شادی کی تھی، جو ایک شہرت یافتہ مصنف ہیں اور اسی لئے ان دونوں کے بیٹے کا نام ظہران ہے، وہ ہندوستانی سے زیادہ پاکستانی لکتے ہیں۔ آخر ان کی ہندو شناخت اور نسل کو کیا ہوا اور اب وہ ہندوازم کو مٹادینے کیلئے تیار ہے۔
ہر جگہ یہی کہانی دہرائی جارہی ہے۔ میں نے میراجی سے مختلف مواقع پر ملاقات کی ہے اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ واضح رہے کہ ممدانی نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیویارک سٹی میئر کے انتخابات میں سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دی ہے۔