مودی حکومت، حادثہ کا لیبل لگاکر ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی: سنجے راوت
احمدآباد طیارہ حادثہ کو تشویشناک قراردیتے ہوئے شیوسینا(یوبی ٹی) قائد اور رکن راجیہ سبھا سنجے راوت نے جمعہ کے دن مطالبہ کیا کہ اس کی ذمہ داری طئے کی جائے۔

ممبئی (آئی اے این ایس) احمدآباد طیارہ حادثہ کو تشویشناک قراردیتے ہوئے شیوسینا(یوبی ٹی) قائد اور رکن راجیہ سبھا سنجے راوت نے جمعہ کے دن مطالبہ کیا کہ اس کی ذمہ داری طئے کی جائے۔
انہوں نے پوچھا کہ کیا اس کے لئے کوئی ذمہ دار ہے یا نہیں؟ کیا معاملہ کو حادثہ کا لیبل لگاکر بند کردیا جائے گا؟ سنجے راوت نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ حکومت حادثہ قراردے کر اپنی ذمہ داری سے نہیں بھاگ سکتی۔ حکومت حادثات کی روک تھام اور انسانی جانیں بچانے کے لئے ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسے ایک حادثہ قراردے کر اپنا پلو نہیں جھاڑلے سکتی۔ حکومت کو ذمہ داری لینی ہی ہوگی۔ ایرلائن کو خانگی شعبہ کے حوالہ کس نے کیا تھا؟ حکومت نے ایرلائن چلانے میں اپنی نااہلی مان لی تھی‘ لہٰذا کون ذمہ دار ہے؟ کسی نہ کسی کو تو حادثہ کے لئے ذمہ دار ٹھہرانا چاہئے۔
لندن جانے والا طیارہ ٹیک آف کے صرف 30 سکنڈ میں ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہوگیا۔ سنجے راوت نے پوچھا کہ آیا دونوں انجن بند ہوگئے تھے یا طیارہ کے اندر کچھ اور ہوا؟ حقیقت سامنے آنی چاہئے۔ شیوسینا قائد نے یوپی اے دورِ حکومت میں بوئنگ ڈریم لائنر کی معاملت پر سوال اٹھانے پر بھی بی جے پی کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔
انہوں نے کہا کہ حادثہ کے لئے جو لوگ ذمہ دار ہیں انہیں اخلاقی بنیادوں پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی ریل حادثہ ہوتا ہے ہم وزیر ریلوے کا استعفیٰ مانگتے ہیں۔ پہلگام واقعہ کے بعد ہم نے وزیر داخلہ سے استعفیٰ مانگا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں جو لوگ موجود ہیں وہ آگے آکر اپنی ناکامی کا اعتراف نہیں کریں گے۔
طیارہ حادثہ پر سیاسی لفظی جنگ کے بیچ کانگریس قائد اُدت راج نے ملک میں شہری ہوابازی سیفٹی سسٹم کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نظامت ِ شہری ہوابازی(ڈی جی سی اے) کے ڈائرکٹر کی ڈگری فیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیک ڈگری والے لوگ جب سیفٹی اسٹانڈرڈ کا کلیرنس دیں گے تو ایسے واقعات لازمی طورپر پیش آئیں گے۔ سکم یونیورسٹی کہہ چکی ہے کہ ڈائرکٹر کی ڈگری میں جعلسازی ہوئی ہے۔