اورنگ آباد اور عثمان آباد کے ناموں کی تبدیلی کے فیصلے کو شنڈے کابینہ کی منظوری
چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے زیرقیادت حکومت نے اورنگ آباد اور عثمان آباد شہروں کے نام بدل کر علی الترتیب چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو کرنے کے فیصلے کو کابینی منظوری عطا کردی۔
ممبئی: چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے زیرقیادت حکومت نے اورنگ آباد اور عثمان آباد شہروں کے نام بدل کر علی الترتیب چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو کرنے کے فیصلے کو کابینی منظوری عطا کردی۔
سابق چیف منسٹر اددھو ٹھاکرے کے استعفیٰ سے عین قبل 29/ جون کو ان کی قیادت والی سابق ایم وی ا ے حکومت نے ان شہروں کے نام بدلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بہرحال30 جون کو حلف لینے والے شنڈے اور ڈپٹی چیف منسٹر پھڈنویس نے کہا تھا کہ ٹھاکرے زیرقیادت حکومت کا ان شہروں کے نام بدلنے کا فیصلہ غیرقانونی ہے، کیوں کہ انہوں نے یہ فیصلہ گورنر کی جانب سے اسمبلی میں انہیں اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت کے بعد کیا۔
ٹھاکرے کی صدارت میں گزشتہ ماہ ہوئے کابینہ کے اجلاس کے دوران اورنگ آباد کا نام بدل کر سمبھاجی نگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن شنڈے حکومت نے ہفتہ کو اس کے نام سے پہلے ”چھترپتی“ شامل کردیا۔
اس وقت کابینہ میں صرف دو ارکان شنڈے اور پھڈنویس ہیں، کیوں کہ اس کی توسیع ابھی نہیں ہوئی ہے۔ چیف منسٹر دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ (ٹھاکرے کی صدارت میں ہوئے)29/ جون کے کابینی اجلاس کے فیصلے کو نئی حکومت (شنڈے کی قیادت والی) نے ہفتہ کو ہوئے کابینہ کے اجلاس میں منظوری دے دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کی جانب سے آج منظورہ تازہ تجویز مرکز کو روانہ کی جائے گی جس کے بعددونوں شہروں کا نام، ڈیویژن، ضلع، تعلقہ، کارپورشن اور کونسل سطح پر بدلا جائے گا۔“
کابینہ نے مجوزہ نوی ممبئی بین الاقوامی ایرپورٹ کا نام کسان لیڈر آنجہانی ڈی بی پاٹل کے نام پھر رکھنے کو بھی منظوری دے دی۔
ادھو ٹھاکرے زیرقیادت سابق حکومت نے گزشتہ ماہ اس سلسلے میں بھی فیصلہ کیا تھا۔ شنڈے کے شیوسینا قیادت کے خلاف بغاوت کرنے کے بعد ایم وی اے حکومت 29/ جون کو گرگئی تھی۔ شنڈے نے اس کے اگلے دن چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔