حیدرآباد کے صحافیوں کیلئے خوشخبری
ریاستی وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے حیدرآباد کے صحافیوں کی جانب سے جاری طویل انتظار کا خاتمہ کرتے ہوئے پلاٹس کی فراہمی کے تعلق سے مثبت جواب دیا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے حیدرآباد کے صحافیوں کی جانب سے جاری طویل انتظار کا خاتمہ کرتے ہوئے پلاٹس کی فراہمی کے تعلق سے مثبت جواب دیا۔
انہوں نے پرگتی بھون میں تلنگانہ میڈیا اکیڈمی کے چیئرمین اور تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے ریاستی صدر الم نارائنا کے ساتھ اس معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
کے ٹی آر نے الم نارائنا سے حیدرآباد شہر میں صحافیوں کی جملہ تعداد ان میں پلاٹس کے لئے کتنے اہل ہیں کے مطلق واقفیت حاصل کی۔ کے ٹی راما راؤ نے دریافت کیا کہ مکانات الاٹ کرنے کے لئے کتنی جگہ درکار ہوگی۔
اس کے علاوہ ملاقات کے دوران جواہر لال نہرو ہاؤزنگ سوسائٹی سے متعلق اراضی کو ممبران کے حوالے کرنے پر بھی بات چیت ہوئی اور اس مسئلہ پر بھی کے ٹی راما راو نے اپنی مثبت رائے کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہر حیدرآباد میں ہر مستحق صحافی کو مکانات دینے کے لئے آئندہ دس دنوں میں مکمل رپورٹ حوالہ کرنے کی ہدایت دی۔
امید کی جا رہی ہے کہ حیدرآباد شہر میں کام کرنے والے تقریباً چار ہزار صحافیوں کے لیے رہائش پلاٹس یا فلیٹس کی فراہمی کا مسئلہ جلد ہی حل ہو جائے گا۔