وزیر تعلیم کو راج بھون روانہ کریں: گورنر
ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے آج حکومت تلنگانہ کوایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی کو راج بھون آنے کی دعوت دی تاکہ تلنگانہ یونیورسٹیزکامن ریکروٹمنٹ بل پر مشاورت کرسکیں۔

حیدرآباد: ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے آج حکومت تلنگانہ کوایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی کو راج بھون آنے کی دعوت دی تاکہ تلنگانہ یونیورسٹیزکامن ریکروٹمنٹ بل پر مشاورت کرسکیں۔
گورنر نے اسی طرح کا ایک مکتوب یوجی سی کوبھی تحریر کرتے ہوئے اس بل کی بابت رائے حاصل کی ہے۔ تلنگانہ یونیورسٹیز کامن ریکروٹمنٹ بل کے بشمول جملہ 7 بلز راج بھون میں منظوری کے لئے زیر التواء ہیں۔
ان بلز کوستمبرکے ماہ میں اسمبلی میں منظور کیاگیاتھا اوران کی منظوری /توثیق کے لئے راج بھون روانہ کیاگیا مگر تب سے اب تک گورنر نے ان بلز کومنظوری نہیں دی ہے۔
انہوں نے ریاستی حکومت سے پوچھا کہ آیا اس بل کی منظوری کے بعدکوئی قانونی مشکلات کاسامناکرناپڑے گا؟علاوہ ازیں گورنر نے اس سلسلہ میں قانونی رائے بھی حاصل کی ہے۔
گورنر نے ریاستی حکومت سے کہاکہ وہ وزیر تعلیم کوراج بھون روانہ کریں تاکہ اس بل پربہتر طورپرمشاورت کی جاسکے۔