کنگنارناوت کے پاس 50 ایل آئی سی پالیسیاں
منڈی (ہماچل پردیش) سے بی جے پی کی لوک سبھا کے لئے امیدوار اداکارہ کنگنارناوت نے آج زائداز 91 کروڑ روپے کے اثاثوں کا اعلان کیا۔ یہ اثاثے 28.7 کروڑ منقولہ شکل میں اور 62.9 کروڑ غیرمنقولہ شکل میں ہیں۔

ممبئی: منڈی (ہماچل پردیش) سے بی جے پی کی لوک سبھا کے لئے امیدوار اداکارہ کنگنارناوت نے آج زائداز 91 کروڑ روپے کے اثاثوں کا اعلان کیا۔ یہ اثاثے 28.7 کروڑ منقولہ شکل میں اور 62.9 کروڑ غیرمنقولہ شکل میں ہیں۔
اداکارہ پر 17.38 کروڑ روپے کا قرض بھی ہے۔ اخبار لائیوہندوستان نے یہ اطلاع دی ہے۔ اداکارہ کے پاس تقریبا 5 کروڑ روپے مالیاتی سونا، 50 لاکھ روپے مالیاتی چاندی اور 3 کروڑ روپے کے 14 کیارٹ کے ہیرے کے زیورات ہیں۔
کنگنارناوت، زیرک پور، چندی گڑھ، منالی (کلو)، ممبئی کے باندرہ علاقہ میں بھی جائیدادوں کی مالک ہیں۔ منالی میں ان کے اپارٹمنٹ کی قیمت 4.97 کروڑ روپے ہیں جبکہ باندرہ میں ان کی جائیداد کی قیمت 23.98 کروڑ روپے ہے۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وہ بی ایم ڈبلیو اور 2 مرسڈیز بنز کاروں کی مالک ہیں جن کی قیمت 3.91 کروڑ روپے ہے۔ انہوں نے تقریبا 21 لاکھ روپے شیئر مارکٹ میں بھی مشغول کئے ہیں اور 11 افراد کو پرسنل لون دیئے ہیں۔
یہی نہیں بلکہ اداکارہ کے پاس 50 ایل آئی سی پالیسیاں بھی ہیں۔ ان کے اثاثوں کے اعلان کی خبر عام ہوتے ہی کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس پر الگ الگ قسم کے ردِعمل کا اظہار کیا۔ کئی افراد ان کے اثاثوں کے بارے میں جان کر حیران رہ گئے۔ ویب سائٹ لائیومنٹ کی اطلاع کے مطابق انہوں نے اپنے خلاف 8 فوجداری مقدمات کا بھی انکشاف کیا ہے۔
جن میں 3 کیسس مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور 4 مقدمات ہتک عزت کے ہیں۔ ہماچل پردیش کے منڈی لوک سبھا حلقہ میں یکم جون کو پولنگ ہوگی جس کے ساتھ ہی پارلیمانی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلہ کا اختتام عمل میں آئے گا۔