گجرات سانحہ‘ 9 افراد گرفتار
گجرات کے ضلع موربی میں پل کے منہدم ہونے کے حادثہ کے سلسلہ میں 9افراد کوگرفتارکرلیا گیاہے۔ یہ تمام اوریوا کمپنی کے منیجروں میں شامل ہیں جس نے پل کی تزئین نوکی تھی۔

موربی: گجرات کے ضلع موربی میں پل کے منہدم ہونے کے حادثہ کے سلسلہ میں 9افراد کوگرفتارکرلیا گیاہے۔ یہ تمام اوریوا کمپنی کے منیجروں میں شامل ہیں جس نے پل کی تزئین نوکی تھی۔
ان کے علاوہ ٹکٹ کلکٹرس، پل کی مرمت کے ذمہ دار کنٹراکٹرس اورتین سیکیوریٹی گارڈس بھی شامل ہیں‘ جنہیں ہجوم پر قابوپانے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
گجرات کی اوریواکمپنی پر کئی حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کاالزام عائد کیاگیاہے۔ جس کے نتیجہ میں عوام کیلئے پل کوکھولے جانے کے چار دن کے اندر یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
کمپنی کے کسی اعلیٰ عہدیدارکوگرفتار نہیں کیاگیاہے۔ موربی پولیس کے سربراہ اشوک یادونے آج بتایاکہ ہم خاطیوں کو چھوڑیں گے نہیں، انہیں بخشانہیں جائے گا۔ انگریزوں کے دور کے اس تاریخی پل کی مرمت کیلئے اوریوا کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔
موربی کی بلدیہ کے ساتھ15سالہ معاہدہ پر دستخط کرنے کے فوری بعد اوریوانے جو گھڑیاں تیارکرنے والی کمپنی ہے، ایک چھوٹی کمپنی ”دیوپرکاش سولیوشنس“کویہ کام تفویض کردیاتھا جس کاکوئی ریکارڈ بھی نہیں ہے۔
اس پل کوتقریباً7ماہ بعد26اپریل کو عوام کیلئے دوبارہ کھولاگیاتھا۔ کنٹریکٹ کے ذریعہ کمپنی کواس بات کا پابند بنایاگیاتھاکہ وہ پل کودیکھ بھال اورمرمت کیلئے کم ازکم 8ماہ بند رکھے گی۔
پولیس نے ایف آئی آر میں کہاہے کہ گذشتہ ہفتہ پل کی دوبارہ کشادگی‘ سنگین غیرذمہ داری اورلاپرواہی کے عمل کی عکاسی کرتی ہے۔