تلنگانہ

تلنگانہ میں سردی کی شدید لہر۔ ٹھنڈمیں مزید شدت کا امکان

ریاست تلنگانہ سردی کی شدید لہر کی گرفت میں ہے وہیں ریاست کے چند مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت 5 ڈگری سلسیس سے بھی کم درج کیاگیاہے۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ سردی کی شدید لہر کی گرفت میں ہے وہیں ریاست کے چند مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت 5 ڈگری سلسیس سے بھی کم درج کیاگیاہے۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ
بی آر ایس کے مزید 2 امیدواروں کا اعلان، سابق آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کو ٹکٹ
حیدرآباد کے بیشتر مقامات میں سردی کی لہر برقرار
بی آر ایس قائد ملا ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کا امکان
41 برسوں کے بعد کسی وزیراعظم کا دورہ عادل آباد

دفتر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شمال مشرقی علاقوں سے چلنے والی ہوائیں تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اضافہ کااہم سبب ہے۔ ریاست کے کئی مقامات پراقل ترین درجہ حرارت معمول سے 3سے 5 ڈگری سلسیس کم درج کیاگیا ہے۔

ضلع سنگاریڈی کا کوہیرریاست کا سرد ترین مقام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیاگیا ہے۔

تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے سرپور(یو) میں اقل ترین درجہ حرارت 4.8 ڈگری سلسیس رہا جبکہ ضلع وقارآبادکے مارپلے اورضلع رنگاریڈی کے تاڑلہ پلی میں اقل ترین درجہ حرارت 5ڈگری سلسیس ریکارڈ کیاگیا۔

ضلع رنگاریڈی کے منگلاپلی میں 5.2‘ بازار ہتنور (ضلع عادل آباد) میں 5.4ضلع کاماریڈی کے ڈونگلی میں 5.6‘شیوم پیٹ (ضلع میدک)میں 5.6‘نیالکل (رنگاریڈی) میں 5.6 اور نلہ ولی ضلع سنگاریڈی میں اقل ترین درجہ حرارت 5.7 ڈگری سلسیس درج کیاگیا ہے۔

اتوار کی شام سے سردہوائیں چلنے لگی۔ سردی میں شدت کی وجہ سے عوام گھروں پر رہنے کو ترجیح دی۔ سڑکیں سنسان اور ویران دکھائی دے رہی تھیں۔فٹ پاتھس اور بس اسٹیشنوں اورریلوے اسٹیشنوں پر مقیم افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔ آئندہ 3دنوں کے دوران سردی میں مزید شدت کاامکان ہے اور درجہ حرارت مزید گرسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عادل آباد‘کمرم بھیم آصف آباد‘منچریال‘نرمل‘کریم نگر‘ پداپلی‘جگتیال‘ضلع راجنا سرسلہ‘میدک‘ کاماریڈی اورنظام آباد اضلاع میں آرینج۔ کو لڈالرٹ جاری کیاہے۔

شہر حیدرآباد کے کئی مقامات اوراس کے قرب وجوارکے کئی علاقوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ سکندرآباد‘راجندرنگر‘ایل بی نگر‘کاروان‘ اپل اور دیگرعلاقوں میں درجہ حرارت واحد ہندسہ ڈگری سلسیس تک گرگیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ مزید چنددنوں تک سردی کی شدید لہر برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی ہے۔

ڈاکٹروں نے عوام پر زوردیا کہ وہ خودگرم رہیں اور اپنی صحت کا بھرپور خیال رکھیں۔شہر حیدرآباد میں جمعہ کے روز کہرچھایا رہاتھا۔