اب چرنجیوی اور بالا کرشنا کے ساتھ فلموں میں کام نہیں کروں گی: ایم ایل سی وجئے شانتی
وجے شانتی نے ماضی میں چرنجیوی اور بالا کرشنا کے ساتھ کئی یادگار فلموں میں کام کیا، جن میں گینگ لیڈر، یمڈوکی موگدو، پسیواڑی پرانم، کنڈاویٹی راجا، اتاکو یمڈو، چالنچ، دھرم یودھم جیسی ہٹ فلمیں شامل ہیں۔

حیدرآباد: جنوبی ہند کی مشہور اداکارہ اور "لیڈی سپر اسٹار” کے لقب سے شہرت حاصل کرنے والی وجے شانتی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب چرنجیوی اور بالا کرشنا کے ساتھ مزید کوئی فلم نہیں کریں گی۔ اپنی شاندار فلمی کیریئر کے دوران انہوں نے ایک طرف بڑے اسٹارز کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا تو دوسری طرف خواتین پر مبنی کئی سپر ہٹ فلموں میں مرکزی کردار ادا کرکے اپنی ایک منفرد شناخت بنائی۔
وجے شانتی نے ماضی میں چرنجیوی اور بالا کرشنا کے ساتھ کئی یادگار فلموں میں کام کیا، جن میں گینگ لیڈر، یمڈوکی موگدو، پسیواڑی پرانم، کنڈاویٹی راجا، اتاکو یمڈو، چالنچ، دھرم یودھم جیسی ہٹ فلمیں شامل ہیں۔
اسی طرح بالا کرشنا کے ساتھ ان کی راوڈی انسپکٹر، لاری ڈرائیور، مددول ماما، اپوروا سہودرو، بھانو متی گاری موگڈو، بھالے ڈونگا، دیشو دھارکدو جیسی فلمیں بھی کامیاب رہیں۔
تاہم، حالیہ دنوں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وجے شانتی نے واضح کیا کہ وہ اب مزید ان دو اداکاروں کے ساتھ فلموں میں کام نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب ایک ایم ایل سی (رکنِ قانون ساز کونسل) ہیں، اور عوامی خدمات و سیاسی ذمہ داریوں کی وجہ سے فلمی مصروفیات کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں رہا۔
وجے شانتی حال ہی میں مہیش بابو کے ساتھ فلم "سرلیرو نیکےورو” میں نظر آئیں اور اب وہ اداکار کلیان رام کی آنے والی فلم "ارجن سن آف وجیانتھی” میں ایک اہم کردار نبھا رہی ہیں، جو 18 اپریل کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ فلم وجے شانتی کے فلمی کیریئر کی آخری فلم ثابت ہو سکتی ہے۔