6ضمانتوں پر عمل آوری کا مطالبہ، عادل آباد کے دیہاتیوں کی جانب سے راہول گاندھی کو پوسٹ کارڈس روانہ
تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے ایک موضع کے افراد نے کانگریس قائد راہول گاندھی کو پوسٹ کارڈس روانہ کرتے ہوئے 6ضمانتوں پر فوری عمل آوری کا مطالبہ کیا ہے۔
حیدرآباد (آئی اے این ایس) تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے ایک موضع کے افراد نے کانگریس قائد راہول گاندھی کو پوسٹ کارڈس روانہ کرتے ہوئے 6ضمانتوں پر فوری عمل آوری کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلع کے ایچوڑہ منڈل کے موضع مکھرہ کے افراد نے اس سلسلہ میں قائد اپوزیشن کو پوسٹ کارڈس روانہ کئے ہیں، جس میں کانگریس کے سینئر قائد اور سابق صدر کانگریس پر زور دیا گیا ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے دوران جو وعدے کئے گئے تھے، اس پر فوری عمل آوری کی جائے۔
موضع کے افراد نے کہا کہ انتخابات کے دوران ضمانتوں کے تعلق سے وعدہ کیا گیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان ضمانتوں پر عمل آوری فوری طور پر شروع کردی جائے۔ دیہاتیوں نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو بھی پوسٹ کارڈس روانہ کرتے ہوئے توجہ مبذول کروائی گئی ہے۔
دیہاتیوں نے6ضمانتوں پر عمل آوری میں تاخیر پر عدم تشفی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے قائد راہول گاندھی کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی نے 100دنوں کے اندر ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا، لیکن تاحال اِس کی تکمیل میں پارٹی ناکام رہی۔
دیہاتیوں نے کہا ہے کہ کانگریس کو اقتدار سنبھالے 300دن ہوچکے ہیں، اس کے باوجود پارٹی 6ضمانتوں پر عمل آوری میں ناکام ہوگئی ہے۔ دیہاتیوں نے کارڈس روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس نے سوشیل سیکوریٹی پنشنس میں 2ہزار روپے سے اضافہ کرکے 4ہزار روپے ماہانہ کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا، لیکن اِس سلسلہ میں بھی پارٹی ناکام رہی۔
دیہاتیوں نے کہا کہ طالبات کو اسکوٹرس کی فراہمی کے علاوہ کسانوں سے بھی وعدے کئے تھے، پارٹی اِس پر عمل آوری کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ دیہاتیوں نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی اپنے وعدوں کی تکمیل نہ کرے تو وہ نئی دہلی میں احتجاج کریں گے۔ بھارت راشٹراسمیتی (بی آر ایس) کے کار گذار صدر کے ٹی راما راؤ نے ایکس پر پوسٹ کیا ہے۔
پوسٹ کارڈ جو کہ دیہاتیوں کی جانب سے روانہ کئے گئے ہیں، اس میں مختلف امور کی جانب توجہ مبذول کروائی گئی ہے۔ حکومت کی تشکیل کے اندرون 100دن 6ضمانتوں کی تکمیل کا تیقن دیا گیا تھا، لیکن تاحال اس سلسلہ میں کوئی موثر اقدامات نہیں کئے گئے ہیں، جس سے اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ پارٹی نے عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کیا ہے۔ یہ بات راما راؤ نے بتائی۔
بی آر ایس کے قائدین کی جانب سے کانگریس حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہ 6ضمانتوں پر عمل آوری کرے۔ اِس کے علاوہ انتخابی منشور میں جو دوسرے وعدے کئے گئے تھے، اس پر بھی عمل آوری کی جانی چاہئے۔
6ضمانتوں کے تحت کانگریس پارٹی نے عوام کے مختلف طبقات جیسے کسان، خواتین اور نوجوانوں سے مختلف وعدے کئے تھے، جبکہ برسراقتدار پارٹی قائدین کی جانب سے یہ ادعا کیا جارہا ہے کہ بعض وعدوں پر عمل آوری شروع کردی گئی ہے، جبکہ دوسرے وعدوں کی تکمیل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس نے ضمانتوں پر عمل آوری کے تعلق سے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔