تلنگانہ

ڈاکٹر روبینہ کا مثالی اقدام۔ علاج کے ساتھ ساتھ صحت سے متعلق شعور کے لیے کتابوں کی فراہمی

ہنمکنڈہ ضلع کے ونگارا سرکاری اسپتال میں تعینات ڈاکٹر روبینہ نہ صرف مریضوں کا علاج کر رہی ہیں بلکہ عوام میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے کتابیں فراہم کرتے ہوئے ایک مثالی مثال قائم کر رہی ہیں۔

حیدرآباد: ہنمکنڈہ ضلع کے ونگارا سرکاری اسپتال میں تعینات ڈاکٹر روبینہ نہ صرف مریضوں کا علاج کر رہی ہیں بلکہ عوام میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے کتابیں فراہم کرتے ہوئے ایک مثالی مثال قائم کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر روبینہ دو سال قبل 30 بستروں والے ونگارا اسپتال میں تبادلہ ہو کر آئی تھیں۔ تب سے وہ صرف طبی خدمات فراہم کرنے پر ہی اکتفا نہیں کر رہیں بلکہ مریضوں کو بہتر صحت کے لیے اپنانے والے طور طریقوں اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی مکمل آگہی فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے مریضوں کو صرف دوائیں دے کر ذمہ داری سے ہاتھ نہیں جھاڑے بلکہ ”ہیلتھ ایجوکیشن“کو فروغ دے کر اپنی خدمات کو منفرد اور با مقصد بنایا ہے۔ دیہی علاقوں کی خواتین کی صحت کے تئیں لاپرواہی کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹر روبینہ نے انہیں ایسی کتابیں پڑھنے کی ترغیب دی جو ہمیشہ یاد رہیں اور ان کی صحت سے متعلق سوچ بدل سکیں۔

اسپتال میں آنے والے مریضوں کے لیے وہ صحت سے متعلق بیداری سیشن کا انعقاد بھی کرتی ہیں جس کے نتیجہ میں روزانہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو بھی کتابوں کے ذریعہ صحت کے بارے میں بیداری پیدا کی جا رہی ہے خاص طور پر حاملہ خواتین کے لیے غذائیت سے متعلق معلومات ان کتابوں کے ذریعہ پہنچائی جا رہی ہیں۔ڈاکٹر روبینہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اس انفرادی اور عوامی خدمت کی ستائش وزیراعلی اور وزیر صحت نے بھی کی ہے جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔