کانگریس اور بی آر ایس ایک تھان سے کٹا کپڑا: کشن ریڈی
کشن ریڈی نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی تلنگانہ کے شہداء کی توقعات کو پورا کر سکتی ہے۔ کشن ریڈی شمس آباد میں تلنگانہ اسٹیٹ بی جے پی کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اس خیال کا اظہار کیا کہ کانگریس اور بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) ایک ہی تھان سے کٹا ہوا کپڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی تلنگانہ کے شہداء کی توقعات کو پورا کر سکتی ہے۔ کشن ریڈی شمس آباد میں تلنگانہ اسٹیٹ بی جے پی کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
اس تقریب میں مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ بنڈی سنجے، بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ، ایم ایل ایز اور پارٹی کے اہم قائدین نے شرکت کی۔ اپنی تقریر کے دوران کشن ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے خوشی کا اظہار کیا کہ پارٹی نے اسمبلی اور لوک سبھا دونوں انتخابات میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے بطور، خاص ملکاجگری حلقہ پارلیمنٹ میں پارٹی کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا، جس کی نمائندگی چیف منسٹر ریونت ریڈی کیا کرتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی، چیف منسٹر کے آبائی ضلع محبوب نگر حلقہ کو کانگریس سے چھیننے میں کامیاب رہی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس ایک بھی سیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے اقتدار میں آنے کے فوراً بعد عوام کا اعتماد کھونے کے لیے کانگریس حکومت پر بھی تنقید کی، انہوں نے کہا انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدے آٹھ ماہ گزرنے کے بعد بھی پورے نہیں ہوئے ہیں۔