تلنگانہ

دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان سے کمیشن کا حصول

کانگریس رکن پارلیمنٹ این اتم کمارریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آرایس ارکان اسمبلی اور ان کے حامی دلت بندھواسکیم کے استفادہ کنندگان سے کمیشن حاصل کرتے ہوئے ایجنٹ کارول ادا کررہے ہیں۔

حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ این اتم کمارریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آرایس ارکان اسمبلی اور ان کے حامی دلت بندھواسکیم کے استفادہ کنندگان سے کمیشن حاصل کرتے ہوئے ایجنٹ کارول ادا کررہے ہیں۔

حضورنگر میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹی آرایس قائدین غیردلت افراد کودلت بندھواسکیم کے تحت 10 لاکھ روپیہ مالی امداد کافائدہ پہنچاکر درخواست گزاروں سے بھاری کمیشن حاصل کررہے ہیں جبکہ حکومت دلت بندھواسکیم کے تحت مستحق افراد کومنافع بخش کاروبار کرنے کے لئے راست طورپر 10لاکھ روپے کی مالی امداد پہنچارہی ہے۔

اس اسکیم کا بیجا استعمال کرتے ہوئے ٹی آرایس اراکین اسمبلی‘ پارلیمنٹ و کونسل اوران کے حامی استفادہ کنندگان سے بھاری کمیشن حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غریب اور اہل ایس سی خاندان کو یا تو نظرانداز کیاجارہا ہے یا ان سے بھاری رشوت دینے کے لئے دباؤ ڈالاجارہاہے۔

انہوں نے کہاکہ ایسا لگ رہاہے کہ یہ اسکیم غریب دلتوں کیلئے نہیں ٹی آرایس قائدین خوشحال دولتمندوں کو فائدہ پہونچا نے کیلئے متعارف کرائی گئی ہے۔ اتم کمارریڈی جنہوں نے قبل ازیں سرپنچوں کے اجلاس میں شرکت کی تھی‘نے کہاکہ اس اجلاس میں سرپنچوں نے انہیں دلت بندھواسکیم کے استفادہ کنندگان سے ٹی آرایس قائدین کی بھاری کمیشن کی وصولی سے متعلق واقف کروایا تھا۔

کانگریس قائد نے کہا کہ اگر چیف منسٹرکے سی آر واقعی دلتوں کے ہمدرد ہیں توانہیں چاہئے کہ وہ فوری ان الزامات کا سنجیدگی کے ساتھ نوٹ لیتے ہوئے ان کی پارٹی قائدین اورکارکنوں کے خلاف تحقیقات کاحکم دیں اور انہیں دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان سے کمیشن وصولی کے کلچر کاخاتمہ کریں۔

اتم کمارریڈی نے بتایا کہ سرپنچوں نے اجلاس میں انہیں بتایا کہ ٹی آرایس حکومت سرپنچوں‘منڈل پریشد‘ ایم پی ٹی سیز‘زیڈپی ٹی سیز‘ضلع پریشد چیرمین میونسپل کونسلرس اورکارپوریٹرس کو نظرانداز کرتے ہوئے ان کی توہین کررہی ہے۔

ان عوامی نمائندوں کا حکومت کی نظرمیں کوئی وقار نہیں ہے اورنہ ہی حکومت کی جانب سے گرام پنچایتوں کوبقایہ فنڈجاری کررہیہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ گرام پنچایتوں کواختیارات تفویض کئے بغیر دیہاتوں کی ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سرپنچوں کودبایا جارہا ہے۔

انہوں نے حکومت سے سرپنچوں کے اختیارات کو بحال کرنے اورسرکاری اسکیمات بالخصوص دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری میں سرپنچوں شامل کرنے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔