شہباز شریف، ہندوستان سے بامعنی بات چیت پر آمادہ
پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے تمام دیرینہ مسائل کی یکسوئی کے لئے ہندوستان کے ساتھ بامعنی بات چیت پر اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ منگل کے دن ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران یہ آمادگی ظاہر کی۔

اسلام آباد (پی ٹی آئی) پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے تمام دیرینہ مسائل کی یکسوئی کے لئے ہندوستان کے ساتھ بامعنی بات چیت پر اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ منگل کے دن ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران یہ آمادگی ظاہر کی۔
22 اپریل کے پہلگام دہشت گرد حملہ میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے زائداز 2 ماہ بعد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان‘ ہندو ستان کے ساتھ تمام دیرینہ حل طلب مسائل بشمول جموں وکشمیر‘ پانی‘ تجارت اور دہشت گردی پر بامعنی بات چیت کے لئے تیار ہے۔
ریڈیو پاکستان نے یہ اطلاع دی۔ پاکستانی وزیراعظم نے ہندوستان کے ساتھ حالیہ ٹکراؤ کے دوران پاکستان کی تائید پر مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
گزشتہ ماہ ہی شہباز شریف نے ایران اور آذربائیجان میں آمادگی ظاہر کی تھی کہ وہ ہندوستان کے ساتھ پرامن بات چیت کے لئے تیار ہیں تاہم ہندوستان واضح کرچکا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ صرف مقبوضہ کشمیر کی واپسی اور دہشت گردی کے مسئلہ پر بات چیت کرے گا۔ ریڈیو پاکستان کے بموجب سعودی ولیعہد نے ایران۔ اسرائیل جنگ کا پرامن حل نکالنے میں پاکستان کے تعمیری رول کا اعتراف کیا۔