ملک میں 11 سال سے غیرمعلنہ ایمرجنسی:کانگریس
کانگریس نے چہارشنبہ کے دن مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ہندوستانی جمہوریت گزشتہ 11 بر س سے منظم اور خطرناک 5 گنا حملے جھیل رہی ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس نے چہارشنبہ کے دن مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ہندوستانی جمہوریت گزشتہ 11 بر س سے منظم اور خطرناک 5 گنا حملے جھیل رہی ہے۔
کانگریس نے اسے غیرمعلنہ جمہوریت @11 قراردیا۔ اندراگاندھی حکومت کی طرف سے عائد کردہ ایمرجنسی کے 50 برس مکمل ہونے پر بی جے پی نے کانگریس کو کھل کر نشانہ تنقید بنایا تھا جس کا کانگریس نے منہ توڑ جواب دیا۔
اس نے الزام عائد کیا کہ حکومت پارلیمنٹ کو کمزور کررہی ہے اور دستوری اداروں کی خوداختیاری ختم کررہی ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملک میں نفرت بھڑکانے والی تقریروں کا سلسلہ جاری ہے اور سیول لبرٹیز کے خلاف کارروائی ہورہی ہے۔
پارٹی قائد جئے رام رمیش نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے ناقدین کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے۔ احتجاج کرنے والے کسانوں پر خالصتانی ہونے کا ٹھپہ لگایا جاتا ہے۔ ذات پات پر مبنی مردم شماری کی وکالت کرنے والوں کو اربن نکسل قراردے کر خارج کردیا جاتا ہے۔
مہاتما گاندھی کے قاتلوں کی ستائش کی جارہی ہے۔ اقلیتیں اپنے جان و مال کے خوف میں جی رہی ہیں۔ دلتوں اور دیگر درکنار گروپس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ نفرت بھڑکانے والی تقاریر کرنے والے وزرا کو نوازا جارہا ہے۔ حکومت نے ایمرجنسی کے 50 برس مکمل ہونے پر سمویدھان ہتھیا دیوس منایا۔